Baaghi TV

کراچی، تیز رفتار گاڑی امام بارگاہ کے باہر ٹینٹ میں گھس گئی، 11 افراد زخمی

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں صبا ایونیو کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی امام بارگاہ کے باہر لگے ٹینٹ میں گھس گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق حادثے میں ملوث گاڑی کے ڈرائیور سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں گاڑی کو تیزی سے آتے ہوئے سڑک پر نصب قناعتوں کو توڑ کر اندر داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں گاڑی شہریوں سے ٹکراتی ہوئی بھی نظر آتی ہے، جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گاڑی بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر مجلس کے مقام میں داخل ہوئی، جس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔سید مراد علی شاہ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ گاڑی کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور واقعے کی مکمل انکوائری رپورٹ جلد پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعا کا اظہار بھی کیا ہے۔

More posts