Baaghi TV

ضلع خیبر، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سرکاری اسکول ٹیچر جاں بحق

crime

ضلع خیبر کے علاقے برقمبر خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک سرکاری اسکول ٹیچر جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد نے بتایا کہ مقتول مسافر شاہ جیسے ہی گورنمنٹ ہائی اسکول جان خان کلے پہنچے تو گھات لگائے نامعلوم حملہ آوروں نے اسکول کے مرکزی گیٹ پر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ شدید فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔پولیس حکام کے مطابق حملہ آور واردات کے فوراً بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی پی او وقار احمد نے مزید بتایا کہ مقتول مسافر شاہ گورنمنٹ ہائی اسکول جان خان کلے میں ایس ایس ٹی (سیکنڈری سکول ٹیچر) کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ابتدائی طور پر واقعے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ واقعے کے بعد تعلیمی حلقوں اور مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

More posts