Baaghi TV

‎ایڈنبرا میں مبینہ اسلاموفوبک حملہ، پانچ افراد زخمی

‎اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا میں پاکستانیوں کی بڑی آبادی والے علاقوں لیتھ واک اور ٹیلفورڈ روڈ میں ایک مبینہ اسلاموفوبک اور نسلی تعصب پر مبنی حملے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پاکستانی اور مسلم کمیونٹی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ علاقے میں خوف کی فضا قائم ہے۔
‎اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شب تقریباً آٹھ بجے ایک شخص نے بلاجواز متعدد افراد پر حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں 22 سے 29 سال کی عمر کے پانچ افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
‎عینی شاہدین کے مطابق ملزم نے ایک پیزا شاپ کے باہر بھی ہنگامہ آرائی کی، دروازے کو ٹھوکریں ماریں اور زبردستی اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ بعد ازاں اس نے قریبی پیٹرول اسٹیشن پر بھی حملہ کیا۔
‎پولیس کا ابتدائی مؤقف ہے کہ واقعہ بظاہر مذہبی اور نسلی نفرت سے جڑا ہوا معلوم ہوتا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ گرفتاری کے وقت وہ مسلسل یہ دعویٰ کر رہا تھا کہ وہ "اپنے ملک کی حفاظت کر رہا ہے۔” پولیس اس واقعے کو نفرت انگیز جرم کے زاویے سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔
‎اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر جان سوینی نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکاٹ لینڈ میں مذہبی یا نسلی تعصب کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو بلاامتیاز محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور نفرت پر مبنی جرائم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
‎واقعے کے بعد مقامی پاکستانی اور مسلم رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ حملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں، متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا جائے اور کمیونٹی کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

More posts