Baaghi TV

‎پٹرول اور ڈیزل کی یومیہ قیمتوں کا فیصلہ مسترد، پٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال کی دھمکی دے دی

‎حکومت کی جانب سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ بنیادوں پر تعین کرنے کے فیصلے کو پٹرولیم سیکٹر کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے مسترد کر دیا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، پٹرول پمپ مالکان اور ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اس اہم فیصلے سے قبل ان سے مؤثر مشاورت نہیں کی گئی، جس کے باعث اس پر فوری عملدرآمد ممکن نہیں۔
‎رپورٹس کے مطابق حکومت نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت قیمتوں کا تعین گزشتہ سات دن کی اوسط عالمی قیمت کو بنیاد بنا کر کیا جائے گا۔
‎تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیشتر کمپنیاں فوری طور پر اس نئے نظام پر عملدرآمد کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ قیمتوں کے نفاذ سے قبل مرحلہ وار عملدرآمد، آزمائشی مدت اور واضح رہنما اصول جاری کیے جانے چاہییں تاکہ سپلائی چین اور کاروباری نظام متاثر نہ ہو۔
‎دوسری جانب آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی حکومتی پالیسی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آئندہ ہفتے ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
‎پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈیلرز کے تحفظات دور کیے بغیر اس نظام کا نفاذ کاروبار کے لیے شدید مشکلات پیدا کرے گا۔ ان کے مطابق روزانہ قیمتوں میں تبدیلی سے اسٹاک مینجمنٹ، مالی منصوبہ بندی اور صارفین کو خدمات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
‎سندھ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر امیر خان نے بھی یومیہ قیمتوں کے نظام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے متعلقہ فریقین کے تحفظات دور نہ کیے تو کاروبار بند کرنے سمیت دیگر احتجاجی آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
‎پٹرولیم سیکٹر کے نمائندوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مجوزہ پالیسی پر عملدرآمد سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اور ایسا قابلِ عمل طریقہ کار اختیار کیا جائے جو صارفین اور کاروباری طبقے دونوں کے مفاد میں ہو۔

More posts