وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اور پولی کلینک فیز ٹو ایکسٹینشن کی تعمیر سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں سیکٹر جی الیون میں زیر تعمیر فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک ایکسٹینشن کو جناح میڈیکل کمپلیکس کے پہلے فیز کے طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے پہلے فیز کو مارچ 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے فیز کو جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات جلد فراہم کی جاسکیں۔
اجلاس کے دوران جناح میڈیکل کمپلیکس کی عمارت کے مختلف تعمیراتی ڈیزائن اور تجاویز وزیراعظم کے سامنے پیش کی گئیں، جبکہ پولی کلینک فیز ٹو ایکسٹینشن پر جاری تعمیراتی کام کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسپتال میں جدید اور ہائی ٹیک طبی مشینری کی تنصیب کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے اور منصوبے کی پیشرفت کے ساتھ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے پہلے فیز کو جلد مکمل کرکے فعال کرنے سے شہریوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
