Baaghi TV

اداکارہ نرگس نے کاسمیٹولوجی کی ڈگری حاصل کرلی، بیوٹی انسٹیٹیوٹ بنانے کا اعلان

سٹیج، ٹی وی اور فلم کی سابقہ معروف اداکارہ نرگس نے امریکا سے کاسمیٹولوجی کی ڈگری حاصل کرلی۔ نرگس نے 1983 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنے طویل فنی سفر کے دوران 100 سے زائد فلموں اور سینکڑوں اسٹیج ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

نرگس نے چند سال قبل شوبز کو خیرباد کہہ کر بطور بیوٹیشن اپنے بیوٹی سیلون کا کاروبار شروع کیا تھا، تاہم اب انہوں نے امریکا سے کاسمیٹولوجی کی ڈگری بھی حاصل کرلی ہے۔ ڈگری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے بیوٹی سیلون کو باقاعدہ بیوٹی انسٹیٹیوٹ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں غریب، نادار اور مستحق خواتین کو بیوٹیشن کے ڈپلومے کروائے جائیں گے۔

نرگس امریکا کے شہر نیویارک میں بھی اپنا بیوٹی سیلون قائم کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق وہ پاکستان کی پہلی اداکارہ ہیں جنہوں نے امریکا سے کاسمیٹولوجی کی ڈگری حاصل کی ہے۔

سابق اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ آئندہ ماہ اکتوبر میں امریکا سے ماہر بیوٹیشنز کو پاکستان بلائیں گی، جو یہاں خواتین کو بیوٹی کے شعبے میں مختلف ڈپلومہ کورسز کروائیں گے اور انہیں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کریں گے۔

نرگس کے کاسمیٹولوجسٹ بننے پر لالی ووڈ کی معروف اداکارہ ریما خان نے بھی انہیں مبارکباد دی ہے۔

نرگس نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب شوبز میں واپسی کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ اب اپنے بیوٹی انسٹیٹیوٹ پر ہوگی، جہاں وہ غریب اور نادار خواتین کو تربیت دے کر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانا چاہتی ہیں۔

More posts