Baaghi TV

‎دنیا کا دیو ہیکل کنٹینر بحری جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا

‎دنیا کے بڑے کنٹینر بحری جہازوں میں شمار ہونے والا "ایم ایس سی ڈینلیٹا” (MSC Diletta) کراچی پورٹ پر کامیابی سے لنگر انداز ہو گیا ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مطابق یہ بحری جہاز بندرگاہ کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور جدید آپریشنل صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
‎کے پی ٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 400 میٹر طویل اور 67 میٹر چوڑا یہ دیو ہیکل کنٹینر جہاز 255,288 ڈیڈ ویٹ ٹنگنجائش رکھتا ہے، جس کے باعث اسے دنیا کے بڑے تجارتی بحری جہازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ جہاز کو کراچی پورٹ کے مخصوص کنٹینر ٹرمینل پر کامیابی سے لنگر انداز کیا گیا، جہاں اس کی آمد کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔
‎ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے بحری جہاز کی آمد اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کراچی پورٹ جدید سہولیات، مضبوط انفراسٹرکچر اور بڑے بین الاقوامی تجارتی جہازوں کو سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق بندرگاہ کی استعداد میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ عالمی شپنگ کمپنیوں کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔
‎کے پی ٹی کے مطابق ایسے بڑے کنٹینر جہازوں کی آمد نہ صرف کراچی پورٹ کی بین الاقوامی ساکھ کو مزید مضبوط کرے گی بلکہ عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی درآمدی و برآمدی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، تجارتی لاگت میں بہتری آئے گی اور ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
‎حکام کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ کو خطے کی اہم بندرگاہوں میں شامل کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بہتر لاجسٹکس اور آپریشنل نظام پر مسلسل کام جاری ہے، تاکہ مستقبل میں بھی دنیا کے بڑے بحری جہاز باآسانی یہاں آ سکیں۔

More posts