Baaghi TV

گلگت بلتستان کو ترقی، خوشحالی اور پائیدار استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔وزیراعظم

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان کی اسمبلی کے ممبران کی آج اسلام آباد میں ملاقات ہوئی.

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے اپنی محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ آپ عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔ آپ کے ذریعے عوام کی توقعات، مسائل اور ترجیحات سے براہِ راست آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ ہمارا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، ہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ علاقے میں بنیادی ڈھانچے، مواصلات، توانائی، تعلیم، صحت، سیاحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل، سیاحتی مقامات اور معدنی ذخائر کو بروئے کار لا کر مقامی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ گلگت بلتستان میں چار دانش سکول تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں، اگلے سال سے ان میں کلاسز شروع ہو جائیں گی۔ ہے۔ اسکے علاوہ شمسی توانائی سے 100 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبہ پر کام تیزی سے جاری ہے ۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں موسماتی تبدیلی اور گلاف کے حوالے سے پیشگی اطلاع کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ مقامی لوگوں کو بروقت اطلاع فراہم کی جاسکے اور موسمی حالات کے نا مصائب صورتحال کا مقابلہ کیا جاسکے۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل، بہتر طرزِ حکمرانی اور شفافیت کے فروغ کے لیے وفاقی اور مقامی قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آپ کی تجاویز اور سفارشات ہمارے لیے اہم ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہم مل کر کام کریں گے۔ تمام ممبران اسمبلی میں تعمیری کردار ادا کریں ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے گلگت بلتستان کو ترقی، خوشحالی اور پائیدار استحکام کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔

وزیر اعظم نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی کی تشکیل کی ھدایت کی جو ان ممبران اسمبلی کی جانب سے دی گئی قابل عمل تجاویز کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں وزیر برائے امور گلگلت بلتستان و کشمیر امیر مقام اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناءاللہ شامل ہیں۔ملاقات میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ، وزیر برائے امور گلگلت بلتستان و کشمیر امیر مقام اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناءاللہ شریک تھے۔

More posts