Baaghi TV


رحیم یار خان میں مبینہ زیادتی کے بعد لڑکی قتل، مرکزی ملزم گرفتار

arrest

‎رحیم یار خان: پنجاب کے علاقے آباد پور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کا الزام سامنے آیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
‎پولیس کے مطابق مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انس نامی نوجوان نے آن لائن ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر لڑکی کو اپنے ساتھ امام نگر گاؤں لے گیا، جہاں مبینہ طور پر اسے نشہ آور چیز پلائی گئی اور بعد ازاں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
‎مقدمے کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد اسے گاڑی کے نیچے کچل کر قتل کر دیا گیا۔ والدہ نے الزام لگایا ہے کہ اس واقعے میں مرکزی ملزم کے ساتھ دیگر افراد بھی ملوث تھے۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم انس کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر نامزد اور مشتبہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفتیشی ٹیم تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ واقعے کے حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
‎ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق کیس کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ، فارنزک شواہد اور دیگر سائنسی ثبوتوں کی روشنی میں واقعے کی نوعیت اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل تمام شواہد کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔
‎پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے لیے قانونی کارروائی تیزی سے آگے بڑھائی جا رہی ہے اور تحقیقات میں سامنے آنے والے ہر پہلو کو مقدمے کا حصہ بنایا جائے گا۔ حکام کے مطابق اگر مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

More posts