کراچی میں سونے کی قیمتوں نے ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جہاں مقامی اور عالمی مارکیٹوں میں تیزی کے باعث فی تولہ سونا 10 ہزار روپے کے غیر معمولی اضافے کے بعد 4 لاکھ 37 ہزار 936 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ایک ہی روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین قیمت پر فروخت ہونے لگا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 8 ہزار 573 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 75 ہزار 459 روپے مقرر کی گئی۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 273 روپے مہنگی ہونے کے بعد 6 ہزار 624 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جس سے زیورات اور قیمتی دھاتوں کی خریداری مزید مہنگی ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق مقامی مارکیٹ میں یہ اضافہ عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باعث ہوا، جہاں فی اونس سونا 100 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 155 ڈالر تک جا پہنچا۔ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اس تیزی کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک کی مقامی مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی، مالیاتی غیر یقینی صورتحال، افراط زر کے خدشات اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتا رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ ایسے حالات میں سرمایہ کار حصص اور دیگر پرخطر سرمایہ کاری کے بجائے سونے کو محفوظ اثاثہ تصور کرتے ہوئے اس میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں۔
صرافہ بازار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عام شہریوں کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے، جبکہ شادی بیاہ کے سیزن میں زیورات کی خریداری بھی مہنگی ہونے سے صارفین مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا اور ڈالر کی قدر میں نمایاں تبدیلی نہ آئی تو آئندہ دنوں میں مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر
