عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد قیمتیں گزشتہ سات ماہ سے زائد عرصے کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق مضبوط امریکی ڈالر اور شرح سود میں اضافے کے خدشات کے باعث سرمایہ کاروں کی سونے میں دلچسپی کم ہو رہی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.4 فیصد کمی کے بعد 3,985.89 ڈالر فی اونس تک آگئی، جبکہ اگست ڈلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز بھی 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,001.60 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوئے۔ بدھ کے روز سونا پہلی بار نومبر 2025 کے بعد 4 ہزار ڈالر فی اونس کی اہم نفسیاتی سطح سے نیچے آ گیا تھا۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔ چاندی کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 57.33 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 1,575.85 ڈالر فی اونس جبکہ پیلیڈیم 0.3 فیصد اضافے کے بعد 1,170.25 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔
عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی نمایاں ہونے لگے ہیں۔ آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق حالیہ کاروباری روز کے دوران 24 قیراط فی تولہ سونا 10 ہزار 400 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 32 ہزار 236 روپے پر آ گیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 360 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 68 ہزار 985 روپے ہو گئی۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
عالمی منڈی میں سونا مزید سستا، پاکستان میں بھی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان
