Baaghi TV

‎پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑا اضافہ،

GOLD

پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونا ایک نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 11 ہزار 300 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 49 ہزار 236 روپے ہو گئی۔
‎اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 688 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 85 ہزار 147 روپے مقرر ہوئی۔ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت بھی 8 ہزار 881 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 53 ہزار 64 روپے تک پہنچ گئی۔
‎بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 113 ڈالراضافے کے ساتھ 4 ہزار 268 ڈالر تک جا پہنچی، جس کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی نمایاں طور پر دیکھنے میں آئے۔
‎چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ چاندی 35 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 659 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 30 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 709 روپے مقرر کی گئی۔
‎ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور محفوظ سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی طلب سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔ سرمایہ کار غیر یقینی حالات میں سونے کو محفوظ اثاثہ تصور کرتے ہیں، جس کے باعث اس کی طلب اور قیمت دونوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
‎بازار کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی حالات میں نمایاں بہتری نہ آئی تو قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔

More posts