Baaghi TV

گوگل کا بڑا اعلان، ایک لاکھ پاکستانی طلبہ کو مفت آئی ٹی کورسز

Google

‎گوگل نے پاکستان کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کے لیے مفت آئی ٹی سرٹیفکیشن کورسز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت طلبہ سے 400 سے 1000 ڈالر تک کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سامنے آیا، جس میں تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق طلبہ کو سائبر سیکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور بزنس انٹیلی جنس جیسے جدید شعبوں میں 3 سے 6 ماہ کے کورسز مفت فراہم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنا اور آئی ٹی کے شعبے میں روزگار کے مواقع بڑھانا ہے۔
اجلاس میں صوبے کے 166 سرکاری کالجوں میں جدید آئی ٹی لیبز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، تاکہ طلبہ کو عملی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ کے لیے مالی معاونت کے پروگرام کو مزید وسعت دینے کی ہدایت بھی کی۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 62,949 طلبہ کو ‘ہونہار اسکالرشپس’ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ سی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت پہلے مرحلے میں 38 ہزار طلبہ مستفید ہو چکے ہیں اور دوسرے مرحلے کے لیے ایک لاکھ 42 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اقلیتی اور خصوصی طلبہ کو بھی میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پہلی مرتبہ کالجوں، اساتذہ اور وائس چانسلرز کی کارکردگی جانچنے کے لیے ‘کی پرفارمنس انڈیکیٹرز’ متعارف کرائے گئے ہیں۔ مزید برآں، 29 اضلاع کے 36 کامرس کالجوں کو 19 سرکاری جامعات سے منسلک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جہاں بزنس اور فنانس سمیت 14 بی ایس پروگرامز پڑھائے جائیں گے۔
طلبہ کی سہولت کے لیے پنجاب میں پہلی بار الیکٹرو بس سروس کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

More posts