اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مشاورت کا آغاز ہوگیا ہے۔
قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس کے چیمبر میں اپوزیشن کا اہم اجلاس ہوا، جس میں محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ پی ٹی آئی کو 27 ستمبر کے احتجاج کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں ملک کے بگڑتے حالات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کرکے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 15 ستمبر کو تحریک تحفظ آئین کا اجلاس ہوگا، جس میں اے پی سی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم شہباز شریف کے خط کا جواب دے دیا ہے اور وزیراعظم سے مشاورت کے لیے دن اور وقت مانگ لیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کے بعد وزیراعظم کے خط کا جواب دیا۔
