وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا طریقہ کار منظور کر لیا ہے، جس کے تحت اب پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کی جائیں گی۔
نئے نظام کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ نئی ایکس ڈپو قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی، جبکہ قیمتوں کے اعلان کے لیے اوگرا کو وفاقی حکومت سے پیشگی منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔حکومت کی منظوری کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں عالمی منڈی میں گزشتہ سات روز کے اوسط نرخوں سے منسلک ہوں گی۔ پیٹرول کی قیمت درآمدی لاگت اور درآمدی پریمیم کی بنیاد پر طے کی جائے گی، جبکہ اگر کسی مدت میں درآمد نہ ہو تو سالانہ اوسط پریمیم کو بنیاد بنایا جائے گا۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی درآمدی لاگت اور سات روزہ عالمی اوسط کے مطابق مقرر ہوگی۔نئے طریقہ کار کے تحت ہفتہ اور اتوار کے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، جبکہ اوگرا یکم جولائی 2026 سے عالمی Platts Reference Prices بھی روزانہ اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گا تاکہ قیمتوں کے تعین میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
پالیسی کے مطابق پیٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ نہیں ہوگی، جبکہ لیوی میں کسی بھی قسم کی تبدیلی صرف وزارت خزانہ کی منظوری سے ہی ممکن ہوگی۔حکومت نے مالی سال 2027 کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پیٹرول کی درآمد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کو ان کے مارکیٹ شیئر کے مطابق کرنے کی اجازت ہوگی۔ درآمدی شرائط کی خلاف ورزی کرنے والی او ایم سیز کو نو ماہ کے لیے نااہل قرار دیا جائے گا۔حکومت نے اوگرا کو نئے قیمتوں کے نظام پر فوری عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، جس کا مقصد قیمتوں کے تعین کو عالمی مارکیٹ کے مطابق، شفاف اور بروقت بنانا ہے۔
