مارگلہ ہلز میں غیرقانونی شکارکے الزام میں ایک غیرملکی باشندے کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے کارروائی کرتے ہوئے مارگلہ ہلز میں غیرقانونی شکارکے الزام میں ایک غیر ملکی باشندے کو گرفتار کیا ہےملزم نے نایاب نسل کے ہرن سمیت متعدد جنگلی جانوروں کا شکار کیا اور رات گئے پھندے میں پھنسےجنگلی جانور کو کاٹ کر باکس میں پیک کیا۔
ذرائع کے مطابق پھندوں کی اطلاع پر اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے خفیہ ٹیم کو تعینات کیا اور ملزم کو موقع سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا،دوران گرفتا ری ملزم نے مزاحمت کی اور دانتوں سے کاٹ کر ایک وائلڈ لائف اہلکار کو زخمی بھی کیا محکمہ وائلڈ لائف کی مدعیت میں تھانہ کوہسار میں 11 مئی کو واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق سیکٹر ای سیون کے قریب جنگل میں دوران معائنہ شکار کےلیے پھندے لگے ملے، ایک ہرن پھندے میں پھنس کر ہلاک ہو چکا تھا، مقدمے میں درج ہے کہ جانوروں کے غیرقانونی شکار میں کچھ مقامی افراد کے ساتھ غیرملکی شہری بھی ملوث ہیں۔
