اسرائیلی فوج کے مطابق شمالی اسرائیل میں شومیرہ کے قریب ایک فوجی پوزیشن پر حزب اللہ کے ڈرون حملے کے نتیجے میں 12 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی جانب سے داغا گیا ڈرون ایک فوجی کارگو گاڑی سے ٹکرا گیا، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور قریب موجود گولہ بارود پھٹنے سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ گاڑی M548 ماڈل کی تھی جسے اسرائیلی فوج میں ’الفا‘ کہا جاتا ہے اور یہ توپ خانے کے لیے گولہ بارود کی ترسیل میں استعمال ہوتی ہے۔ اس حملے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا حملے میں استعمال ہونے والا ڈرون فائبر آپٹک کیبل کے ذریعے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ ماہرین کے مطابق اس قسم کے ڈرونز الیکٹرانک جیمنگ سے محفوظ رہتے ہیں، جس کے باعث انہیں روکنا زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں حزب اللہ نے جنوبی لبنان کے علاقوں سے اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے اسی نوعیت کے جدید ڈرونز کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ اس سے خطے میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
حزب اللہ کا ڈرون حملہ، اسرائیلی فوج کے 12 اہلکار زخمی
