راولپنڈی: حنا جاوید قتل کیس میں اہلخانہ نے پولیس کی تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات آزاد تفتیشی ٹیم کے سپرد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
حنا جاوید کے بھائی نے چیئرمین قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو خط لکھا ہے، جبکہ متاثرہ خاندان کی جانب سے وزارت قانون اور پارلیمنٹ کی کاکس کمیٹی کو بھی خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔اہلخانہ نے خطوط میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قتل کیس کی تفتیش ایف آئی آر کے مطابق نہیں کی جا رہی اور حنا جاوید کے قتل کے اصل حقائق چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔خط کے متن کے مطابق تفتیش کا رخ اصل ملزم کے بجائے گھریلو ملازم کی جانب موڑا جا رہا ہے، جبکہ کیس کے اہم شواہد کو بھی مبینہ طور پر درست طریقے سے محفوظ نہیں کیا گیا۔اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ مرکزی ملزم اور گھریلو ملازم کے تمام الیکٹرانک آلات کا فوری فرانزک کرایا جائے تاکہ کیس سے متعلق اہم شواہد سامنے آسکیں۔متاثرہ خاندان نے مطالبہ کیا ہے کہ حنا جاوید قتل کیس کی شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کے لیے تفتیش آزاد تحقیقاتی ٹیم کے سپرد کی جائے۔
