Baaghi TV

شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، فتنۃ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مقابل پاک افغان سرحد سے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 خوارج ہلاک کردیے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے ایک گروہ کی پاک افغان سرحد کے ذریعے شمالی وزیرستان کے بالمقابل دراندازی کی کوشش کا سراغ لگایا گیا،سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی 36 گھنٹے تک جاری رہی، جس کے دوران درست اور مہارت سے کی گئی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کیے گئے کلیئرنس آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، برآمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے ان مذموم عزائم کو مزید تقویت ملتی ہے جن کے ذریعے ملک میں امن و استحکام کو متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے،افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ملک کی سرحدوں کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

More posts