ایران نے متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ایک ٹینکر کو آبنائے ہرمز میں قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اماراتی ٹینکر کو آبنائے ہرمز کی شمالی گزرگاہ سے روکا گیا، جس کے بعد اسے ایرانی بندرگاہ بندر عباس کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹینکر کا ابتدائی رخ متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ جبل علی کی جانب تھا، تاہم اسے روکنے کے بعد اس کا رخ تبدیل کر دیا گیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تمام تجارتی، کاروباری اور مالی معاملات تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز میں اپنے بحری جہازوں پر حملوں کا الزام بھی ایران پر عائد کیا گیا ہے، جبکہ ایران نے بعض الزامات کی تردید کی ہے۔
