Baaghi TV

میر رضا قتل کیس،41 افرادکے بیانات قلمبند

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، تفتیش کے دوران اب تک 41 افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے دوستوں، بزنس پارٹنر، گیسٹ ہاؤس کے عملے اور دیگر متعلقہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے، جبکہ مقتول کی جانب سے جن افراد کو رقم ادا کی جانی تھی، ان کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گیسٹ ہاؤس سے متعلق تمام تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ گیسٹ ہاؤس کے مالک نے ایک بروکر کے ذریعے مکان ایک شخص کو کرائے پر دیا تھا، جس نے بعد ازاں وہ مکان ایک دوسرے شخص کو گیسٹ ہاؤس کے لیے کرائے پر دے دیا۔ اس معاملے سے متعلق تمام افراد کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے ہیں۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت کسی بھی شخص کو شاملِ تفتیش کیا جا سکتا ہے۔ میر رضا کی دونوں میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ رپورٹ بھی پولیس کو موصول ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی پی ڈی آر کی تفصیلات اور مقتول کی اسمارٹ واچ کی فرانزک رپورٹ آنے میں کچھ وقت لگے گا، جس کے بعد تفتیش میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

More posts