Baaghi TV

ایران نے کویت میں پاسدارانِ انقلاب کے ارکان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی

‎ایران نے کویت میں اپنے پاسدارانِ انقلاب کے چار ارکان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے، تاہم کویتی حکام کی جانب سے لگائے گئے تخریب کاری اور دراندازی کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
‎ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے گرفتار ارکان معمول کے بحری گشت پر تھے کہ ان کی کشتی کے نیویگیشن سسٹم میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی۔ ایران کے مطابق اسی خرابی کے باعث کشتی غیر ارادی طور پر کویتی سمندری حدود میں داخل ہوئی۔
‎بیان میں کہا گیا کہ گرفتار افراد کا مقصد کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی یا تخریبی کارروائی نہیں تھا اور ایران اس معاملے کو ایک حادثاتی واقعہ قرار دیتا ہے۔
‎دوسری جانب کویتی وزارتِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار افراد میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے دو کرنل، ایک کیپٹن اور ایک لیفٹیننٹ شامل ہیں۔ کویتی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران ان افسران نے اعتراف کیا کہ ان کا مشن کویت کے بوبیان جزیرے میں داخل ہونا تھا۔
‎کویتی وزارتِ خارجہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اپنی قومی خودمختاری کی خلاف ورزی اور تخریبی سرگرمی قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔
‎کویت نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
‎سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان پہلے ہی کشیدگی موجود ہے، ایسے میں اس واقعے نے صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سفارتی سطح پر معاملہ حل نہ کیا گیا تو خطے میں تناؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

More posts