Baaghi TV

آبنائے ہرمز ناکہ بندی ختم کرنی ہو گی،ایران کی نئی تجاویز پیش

ایران نے جاری سفارتی کوششوں کے دوران مذاکرات کے لیے نئی تجاویز پیش کر دی ہیں، جو پاکستان کے ذریعے امریکا تک بھی پہنچا دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی بڑے معاہدے سے قبل سب سے پہلے آبنائے ہرمز کو کھولنے اور بحری ناکہ بندی کے خاتمے پر اتفاق ہونا چاہیے۔ ایران کے مطابق اس کے بعد ہی جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کسی بھی ایسے معاہدے میں دلچسپی رکھتا ہے جو ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے واضح طور پر روکے۔ امریکی مؤقف کے مطابق سیکیورٹی خدشات کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی نئی تجاویز پر غور کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس پیر کو متوقع ہے، جس میں آئندہ کی حکمت عملی اور مذاکرات کے اگلے مرحلے کا تعین کیا جائے گا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر دونوں فریق ابتدائی شرائط پر کسی حد تک متفق ہو جاتے ہیں تو خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی پیش رفت کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔

More posts