امریکی اخبار کے مطابق امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اپنی زیرِ زمین تنصیبات میں پہلے سے ذخیرہ کیے گئے پرزہ جات کی مدد سے بیلسٹک میزائلوں کی پیداوار دوبارہ شروع کردی ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنگ کے ابتدائی مرحلے میں ایران کی میزائل سائٹس اور صنعتی تنصیبات پر حملوں کے باوجود تہران نے مائع ایندھن اور ٹھوس ایندھن والے میزائلوں کی اسمبلنگ دوبارہ شروع کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران پہلے سے موجود پرزہ جات کو استعمال کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق میزائلوں کی تیاری کا عمل ایران کی زیرِ زمین تنصیبات میں جاری ہے، جہاں حملوں کے باوجود پیداواری سرگرمیاں بحال کی گئی ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایران اس وقت جنگ سے قبل کی نسبت محدود تعداد میں بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے، تاہم زیرِ زمین تنصیبات میں پیداوار کا دوبارہ شروع ہونا ایران کی میزائل صلاحیتوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔
