Baaghi TV

‎ایران نے امریکی مطالبے پر ایٹمی ہتھیار نہ رکھنے کے عہد پر دستخط کر دیے، صدر پزشکیان

‎ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے امریکا کی درخواست پر ایٹمی ہتھیار تیار نہ کرنے کے عہد پر دستخط کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے صرف ایک ہی شرط سامنے رکھی گئی تھی کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، جسے ایران نے قبول کرتے ہوئے اس پر دستخط کر دیے۔
‎صدر پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے ایران سے صرف یہی مطالبہ کیا تھا کہ وہ تحریری طور پر اس بات کی یقین دہانی کرائے کہ وہ ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق ایران نے اس مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے عہد نامے پر دستخط کر دیے۔
‎اتوار کے روز تہران میں مرکزی بینک میں منعقد ہونے والی 33ویں مانیٹری اینڈ بینکنگ پالیسی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کی پالیسی پہلے دن سے واضح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت بھی متعدد مواقع پر واضح کر چکی ہے کہ ایران کا مقصد ایٹمی بم بنانا نہیں بلکہ پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کا استعمال ہے۔
‎ایرانی صدر نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کی بیشتر شقیں ایرانی عوام کے مفاد میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جاری مذاکرات کے مثبت نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قطر میں موجود ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز بھی واپس مل جائیں گے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو ان مذاکرات سے سب سے زیادہ ناخوش ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان پیش رفت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔
‎دوسری جانب پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا آج سوئٹزرلینڈ میں باضابطہ آغاز ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ برگن اسٹاک پہنچ چکے ہیں جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے حکام نے وفد کا استقبال کیا۔
‎ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف ایران، امریکا، قطر اور سوئٹزرلینڈ کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کرے گا۔

More posts