Baaghi TV

ایرانی تیل پر قبضہ کرنا میرا پسندیدہ آپشن ہے،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی تیل پر قبضےاور اہم تنصیبات کو آسانی سے حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا جس سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل پر قبضہ کرنا میرا پسندیدہ آپشن ہے امریکہ ایران کے تیل پر کنٹرول حاصل کر سکتا ہے اور خارگ جزیرہ جیسے اہم برآمدی مرکز کو بہت آسانی سے اپنے قبضے میں لے سکتا ہے ایران اس مقام پر مؤثر دفاع نہیں رکھتا، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے پاکستانی پرچم بردار آئل ٹینکرز کی تعداد جنہیں ایران نے اجازت دی اب بڑھا کر 20 کر دی گئی ہے جو خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ ایران کے افزودہ یورینیم ذخائر پر قبضے کے لیے ایک براہ راست فوجی آپریشن پر بھی غور کر رہے ہیں یہ حساس ذخائر اصفہان اور نطنز جیسے اہم مقامات پر موجود ہیں جنہیں حاصل کرنے کے لیے امریکی افواج کو کئی دنوں تک ایرانی سرزمین پر موجود رہنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ پس پردہ سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں اور ثالثوں کے ذریعے ایران سے بات چیت میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق ایک معاہدہ جلد ممکن ہو سکتا ہے لیکن ساتھ ہی فوجی آپشن بھی زیر غور ہے۔

دوسری جانب ایران کے شہر تبریز میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس میں ایک اہم پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملے میں تبریز پیٹروکیمیکل کمپنی کے ایک یونٹ کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ریسکیو اور آپریشنل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو کنٹرول میں لینے کی کوششیں جاری ہیں، حملے کے باوجود کسی خطرناک یا زہریلے مادے کے اخراج کی اطلاع نہیں ملی، جس سے بڑے ماحولیاتی نقصان کا خدشہ ٹل گیا ہے۔

More posts