ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پہلی باضابطہ ملاقات فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی،سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ مشیر برائے قومی سلامتی جنرل عاصم ملک اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس بھی شریک تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ ایران کے نائب وزیرخارجہ غریب آبادی، اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ایرانی وزیر خارجہ جمعہ کو اسلام آباد پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا،ان کے استقبال کیلئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل،آرمی چیف عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق پاکستان ماضی میں بھی ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہا ہے، جبکہ حالیہ اعلیٰ سطحی روابط خصوصاً آرمی چیف عاصم منیر کے تہران کے دورے نے اسلام آباد کو ایک اہم سفارتی پل کی حیثیت دے دی ہے،تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے کیلئے اپنی متوازن پالیسی اور تعلقات کو مؤثر انداز میں استعمال کر رہا ہے، جس سے مشرق وسطیٰ میں ممکنہ کشیدگی کے خاتمے کی امید پیدا ہو رہی ہے۔
