شنگھائی: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر چین کے شہر شنگھائی پہنچ گئے، جہاں وہ 16 اور 17 جولائی 2026 تک مختلف اہم عالمی سرگرمیوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اس دورے کے دوران اسحاق ڈار ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام سے متعلق معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت کریں گے اور پاکستان کی جانب سے بانی رکن کے طور پر اس معاہدے پر دستخط کریں گے۔ یہ اقدام مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم 17 جولائی کو منعقد ہونے والی 2026 ورلڈ اے آئی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے، جہاں دنیا بھر سے حکومتی نمائندے، ٹیکنالوجی ماہرین اور صنعت کے رہنما مصنوعی ذہانت کے مستقبل، عالمی تعاون اور نئی ٹیکنالوجیز پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات، اقتصادی تعاون، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، تجارت اور باہمی دلچسپی کے دیگر علاقائی و عالمی امور پر گفتگو متوقع ہے۔
شنگھائی ایئرپورٹ پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا استقبال شنگھائی میونسپل پارٹی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور نائب میئر وو وی نے کیا۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کے ناظم الامور اعزاز خان اور شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل شہزاد احمد خان بھی موجود تھے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی بطور بانی رکن ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن میں شمولیت مستقبل میں مصنوعی ذہانت، تحقیق، ڈیجیٹل معیشت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ اس اقدام سے پاکستان کو عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت سے متعلق پالیسی سازی اور مشترکہ منصوبوں میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
اسحاق ڈار عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے
