Baaghi TV

اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات، پاک برطانیہ تعلقات اور عالمی امور پر گفتگو

لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ اور وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاک برطانیہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزارتِ خارجہ کی سطح پر باضابطہ مذاکرات کے لیے منظم طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس نظام کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون اور اہم معاملات پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، سندھ طاس معاہدے، افغانستان سے دہشت گردی کے خطرات اور دیگر علاقائی و عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں سے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا، جنہوں نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

اسحاق ڈار نے افغان سرزمین سے پاکستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی کارروائیاں پاکستان کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

دونوں ممالک نے امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی رابطے اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ پاک برطانیہ تعلقات میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔

دوسری جانب اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے بھی ملاقات کی، جس میں سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تعاون اور ثقافتی روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

دونوں جانب سے مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ برطانوی وزیر مملکت نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پاک برطانیہ رابطے مزید مضبوط رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

More posts