Baaghi TV

استنبول: اسحاق ڈار کی ترک ہم منصب سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استنبول میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی، سکیورٹی اور ثقافتی شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فریقین نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے پاکستان اور ترکیہ کی اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے فریم ورک کے تحت جاری تعاون کا جائزہ لیا اور اب تک ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔

دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کا آئندہ اجلاس جلد منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔

ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال اور اہم علاقائی و عالمی معاملات بھی زیر بحث آئے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام پر مشتمل اسٹریٹجک کمیٹی کا اجلاس بھی استنبول میں ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کریں گے۔

تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے اس اجلاس میں دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

More posts