نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ازبکستان، تاجکستان، قازقستان اور بیلاروس کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور امن و استحکام کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، توانائی، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں صدر شوکت مرزایوف کے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ ازبک وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سمیت علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں اور علاقائی و کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسی اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان نے اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط، ثقافتی تبادلوں اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔ تاجکستان نے خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
محمد اسحاق ڈار نے قازقستان کے وزیر خارجہ یرمیک کوشیربایف سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے صدر قاسم جومارت توقایف کے دورۂ پاکستان کے دوران طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر عمل درآمد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ قازق وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کو قازقستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریژینکوف سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، دفاع، زراعت، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان۔بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کا نواں اجلاس 11 اور 12 اگست کو اسلام آباد میں منعقد کرنے کی تصدیق کی گئی، جبکہ جامع تعاون کے روڈ میپ 2025 تا 2027 پر مؤثر عمل درآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔بیلاروس کے وزیر خارجہ نے امریکا۔ایران صورتحال میں پاکستان کے تعمیری اور متوازن سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ہونے والی ان ملاقاتوں نے وسطی ایشیائی ممالک اور بیلاروس کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو نئی تقویت فراہم کی ہے۔
