نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل، حکومت کی جانب سے اب تک کیے گئے اقدامات اور مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکام نے اجلاس کو اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندہ شخصیات سے مشاورت کے بعد اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ترسیلات زر کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں نمایاں حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرکاری خدمات کے حصول کے لیے بار بار پاکستان آنے یا دفاتر میں ذاتی طور پر موجود ہونے کی ضرورت کم سے کم کی جائے۔
نائب وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے مختلف سرکاری خدمات حاصل کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات کی فراہمی نہ صرف وقت اور اخراجات میں کمی لائے گی بلکہ نظام کو مزید مؤثر اور سہل بھی بنائے گی۔
اجلاس میں وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز، وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری آئی پی سی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل سہولیات میں اضافے اور ان کے مسائل کے فوری حل کو آئندہ اقدامات کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اہم اقدامات کا جائزہ
