Baaghi TV

12 اگست کا مکمل سورج گرہن کیا پاکستان میں نظر آئے گا؟

‎12 اگست 2026 کو دنیا کے مختلف حصوں میں سال کا نایاب مکمل سورج گرہن دیکھا جائے گا، تاہم پاکستان میں یہ فلکیاتی منظر براہ راست نظر نہیں آئے گا۔
‎ماہرین کے مطابق پاکستان میں گرہن کے اہم مراحل کے دوران رات کا وقت ہوگا، اس لیے ملک میں موجود افراد آسمان پر سورج گرہن کا مشاہدہ نہیں کرسکیں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز 12 اگست کی رات تقریباً 8 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، جبکہ مکمل سورج گرہن کا آغاز رات 9 بج کر 58 منٹ پر ہوگا۔
‎گرہن اپنے عروج پر رات 10 بج کر 46 منٹ پر پہنچے گا، جبکہ مکمل مرحلہ رات 11 بج کر 34 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔ چونکہ اس دوران پاکستان میں سورج غروب ہوچکا ہوگا، اس لیے ملک کے کسی بھی علاقے سے یہ منظر براہ راست دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
‎اس نایاب سورج گرہن کے دوران چاند زمین اور سورج کے درمیان سے گزرے گا اور سورج مکمل طور پر چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔ مکمل سورج گرہن کا نظارہ گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی روس اور اسپین و پرتگال کے بعض علاقوں میں کیا جاسکے گا۔
‎اس کے علاوہ شمالی امریکا کے مختلف علاقوں، کینیڈا، یورپ کے بیشتر حصوں اور شمال مغربی افریقہ میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا۔ یورپ اور افریقہ کے مغربی علاقوں میں بعض مقامات پر سورج غروب ہونے کے وقت گرہن کا منظر دکھائی دے گا، جس سے یہ فلکیاتی واقعہ مزید منفرد ہوجائے گا۔
‎پاکستان میں موجود شائقین فلکیات اس واقعے کو آن لائن براہ راست دیکھ سکیں گے۔ ناسا کی جانب سے بھی سورج گرہن کی لائیو کوریج فراہم کیے جانے کا امکان ہے، جسے پاکستانی وقت کے مطابق 12 اگست کی رات دیکھا جاسکے گا۔
‎ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جن علاقوں میں سورج گرہن نظر آئے گا وہاں اسے براہ راست دیکھنے سے گریز کیا جائے۔ سورج کو دیکھنے کے لیے صرف منظور شدہ سولر سیفٹی گلاسز یا مناسب حفاظتی آلات استعمال کیے جائیں، کیونکہ عام دھوپ کے چشمے آنکھوں کو سورج کی خطرناک شعاعوں سے محفوظ نہیں رکھتے۔

More posts