اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری امن عمل، علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے آغاز میں اسحاق ڈار نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی 105 ویں سالگرہ پر وانگ یی اور چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے ایران امریکا اعلیٰ سطحی مذاکرات کے پہلے دور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو مذاکراتی عمل کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جوہری پروگرام، پابندیوں اور نگرانی و تنازعات کے حل سے متعلق تین الگ الگ ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے گئے ہیں، جن کا مقصد 60 روز کے اندر فریقین کے درمیان حتمی معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
نائب وزیراعظم نے امن عمل کے دوران چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن منصوبے اور پاکستان چین پانچ نکاتی امن اقدام کو خصوصی اہمیت دی۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستانی قیادت اور اسحاق ڈار کو کامیاب سفارتی ثالثی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں، فعال ثالثی اور امن کے فروغ کے لیے کردار کو سراہا۔
وانگ یی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت کرتا رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین خطے میں پائیدار امن، مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے اور ایران و امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ :ایران امریکا امن معاہدے پر تبادلہ خیال
