Baaghi TV

اسلام آباد: 26 نومبر احتجاج کیس میں سہیل آفریدی اور دیگر کے وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، عبدالغنی آفریدی، جنید اکبر اور دیگر ملزمان کے وارنٹِ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے آج عدالت میں پیش نہ ہونے والے ملزمان کے بھی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے سہیل آفریدی، جنید اکبر اور دیگر ملزمان کے پہلے سے جاری وارنٹِ گرفتاری برقرار رکھے جبکہ ملزمان کی جانب سے دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔عدالت نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمے کا چالان جلد پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے سہیل آفریدی اور دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج ہے۔انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

More posts