اسلام آباد کے تھانہ نون کے علاقے، کمال کیپیٹل ہسپتال کے قریب ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک ہی گھر سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ قتل ہونے والوں میں دو مرد، ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں۔ چاروں افراد کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا، جس سے واقعہ کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول حبیب الرحمٰن سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ اسی گھر میں رہائش پذیر تھا۔واقعے کی تفتیش جاری ہے جبکہ پولیس نے اطلاع دینے والے سیکیورٹی گارڈ اور اہلِ محلہ کے بیانات بھی ریکارڈ کر لیے ہیں۔ مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزمان تک پہنچا جا سکے۔
