وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
نیپال کے سفارتخانے پہنچنے پر نیپالی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے حکومت اور نیپال کے عوام، بالخصوص سانحے میں اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے نیپال کے وزیراعظم بالندر شاہ سے حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں نیپال کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے نیپالی سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان رواں ہفتے کے اختتام پر نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان روانہ کرے گا تاکہ وہاں جاری امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں مدد فراہم کی جاسکے۔
شہباز شریف نے نیپال کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیپال کے باہمت عوام اس سانحے سے مزید مضبوط ہو کر ابھریں گے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور نیپال کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک ضرورت کے وقت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے رہیں گے۔
اس موقع پر نیپالی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم کے ہمدردانہ اور حوصلہ افزا کلمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی جانب سے نیپال کے ساتھ اظہار یکجہتی کو نیپالی عوام طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔ سفیر نے وزیراعظم کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
