Baaghi TV

امریکا کی ثالثی میں اسرائیل لبنان مذاکرات شروع

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی صدارت میں واشنگٹن میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں بعد ایک بڑی سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
‎تفصیلات کے مطابق امریکا کی ثالثی میں ہونے والے ان مذاکرات میں اسرائیل اور لبنان کے سفیر اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہ تقریباً 40 برسوں میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی حکام کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہے، جس نے عالمی توجہ حاصل کر لی ہے۔
‎مذاکرات میں جنگ بندی کو یقینی بنانے، حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور ایک وسیع تر امن معاہدے کے امکانات کا جائزہ لینے جیسے اہم نکات زیر غور ہیں۔ تاہم دونوں فریق ان معاملات کو مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں، جس کے باعث کسی مشترکہ نتیجے تک پہنچنا ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔
‎امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان مذاکرات کو ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ فوری طور پر تمام مسائل کا حل ممکن نہیں، تاہم یہ عمل دونوں ممالک کے درمیان پیش رفت کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔
‎دوسری جانب لبنان نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی وسیع مذاکرات سے پہلے مکمل جنگ بندی ضروری ہے۔ لبنان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان سے مکمل انخلا کرے، جسے وہ امن کے قیام کے لیے بنیادی شرط قرار دے رہا ہے۔
‎ماہرین کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہو سکتے ہیں، تاہم فریقین کے درمیان موجود اختلافات اس عمل کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

More posts