امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور چینی قیادت نے اس حوالے سے مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔
فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ چاہتے ہیں کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیاں بغیر رکاوٹ جاری رہیں کیونکہ یہ عالمی تجارت اور توانائی سپلائی کے لیے نہایت اہم راستہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر تعاون کی پیشکش کی ہے اور دونوں ممالک مستقبل میں اس حوالے سے مل کر کام کر سکتے ہیں۔
بیجنگ پہنچنے پر شاندار استقبال پر ٹرمپ نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور صدر شی جن پنگ کو “دنیا کے عظیم رہنماؤں” میں شمار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا چین کے ساتھ تجارت بڑھانا چاہتا ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کے اور شی جن پنگ کے تعلقات ہمیشہ شاندار رہے ہیں اور اس ملاقات کا سب سے اہم محور باہمی تجارت ہوگا۔ ان کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان بہتر تعلقات عالمی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
امریکی صدر نے تقریب کے دوران چینی بچوں اور فوج کے حوالے سے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاص طور پر چینی بچوں سے بہت متاثر ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ “وہ خوش اور خوبصورت تھے، فوج تو بس ٹھیک تھی، مگر بچے حیرت انگیز تھے۔”
ٹرمپ نے کہا کہ چین کے لیے ان کے دل میں بہت احترام ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ صدر شی جن پنگ نے اپنے ملک کے لیے اچھا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم دونوں کا ایک ساتھ شاندار مستقبل ہے اور اب ہمیں اپنی توجہ تجارت پر مرکوز کرنا ہوگی۔”
آبنائے ہرمز کھولنے میں چین کی بڑی دلچسپی ہے، صدر ٹرمپ
