پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابق اداکارہ فریال گوہر کی جانب سے ازدواجی زندگی کے دوران مبینہ گھریلو تشدد کے الزامات سامنے آنے کے بعد ان کے سابق شوہر اور اداکار جمال شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے ان دعوؤں کی تردید کردی۔
حالیہ انٹرویو میں فریال گوہر نے اپنی شادی شدہ زندگی کے تلخ تجربات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شادی کے بعد انہیں متعدد مرتبہ چمڑے کی بیلٹ سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مبینہ تشدد کی شدت کے باعث انہیں شدید جسمانی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا اور ایک موقع پر حمل بھی ضائع ہوگیا۔
فریال گوہر کے مطابق ان کی شادی 23 سال کی عمر میں ہوئی تھی اور ابتدا میں یہ رشتہ ان کی اپنی پسند سے قائم ہوا تھا، جبکہ ان کے خاندان کو بھی اس شادی پر خوشی تھی۔ تاہم ان کے بقول وقت گزرنے کے ساتھ حالات خراب ہوتے گئے اور انہیں مبینہ تشدد کے باعث اپنی چوٹیں چھپانا پڑتی تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ جسمانی تکلیف کی شدت بعض اوقات اس قدر زیادہ ہوتی تھی کہ وہ اپنی کلاسز میں بھی شرکت نہیں کر پاتی تھیں۔ ان کے مطابق کمر پر گھٹنے مارے جانے سمیت مختلف طریقوں سے مبینہ تشدد کیا جاتا تھا، جس کے باعث انہیں گردوں سے متعلق مسائل اور دیگر طبی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس دوران ان کی سرجریز بھی ہوئیں۔
فریال گوہر نے حمل ضائع ہونے کے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آخری مرتبہ وہ جڑواں بچوں کی امید سے تھیں اور اس حوالے سے بہت پُرامید تھیں، تاہم ان کے دعوے کے مطابق مبینہ تشدد کے نتیجے میں حمل ضائع ہوگیا۔
ان کے مطابق ڈاکٹر نے انہیں مشورہ دیا کہ دوبارہ حاملہ ہونے سے پہلے اپنی ازدواجی زندگی کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ فریال گوہر نے کہا کہ اسی مرحلے پر انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی شادی ختم کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچا۔
فریال گوہر کے ان دعوؤں پر ان کے سابق شوہر جمال شاہ نے ردعمل دیتے ہوئے واضح طور پر الزامات کی تردید کی۔ جمال شاہ نے کہا، ’’یہ سچ نہیں، لیکن خدا انہیں خوش رکھے۔‘‘
جمال شاہ کے مطابق فریال گوہر کے ساتھ ان کی شادی تقریباً پانچ سال تک رہی اور انہیں اس رشتے پر نہ کوئی پچھتاوا ہے اور نہ ہی کوئی تلخی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں باہمی رضامندی اور مہذب انداز میں الگ ہوئے اور طویل عرصے تک انہوں نے اپنی طلاق کا میڈیا میں بھی ذکر نہیں کیا۔
اداکار نے کہا کہ ان کی دعائیں آج بھی فریال گوہر کے ساتھ ہیں اور وہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ انہیں اور ان کی فیملی کو خوش رکھے۔ جمال شاہ نے مزید کہا کہ وہ اپنی موجودہ فیملی کے ساتھ سادہ زندگی گزار رہے ہیں اور اس پر اپنے رب کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ میڈیا بیانات کے بارے میں لوگ جو بھی رائے قائم کرنا چاہیں، یہ ان کا حق ہے، تاہم وہ فریال گوہر کے بارے میں اپنی زبان سے کبھی کوئی غلط بات نہیں کہیں گے۔
