وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں آتا بیئت میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے معروف کرغز اور سوویت ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔
بدھ کو آتا بیئت میموریل کمپلیکس پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال کرغزستان کے اول نائب وزیراعظم دانیار امان گیلدیئیئف اور وزیر ثقافت، اطلاعات و نوجوانوں میر بیک مامبیتالیئیف نے کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کمپلیکس میں معروف ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے آتا بیئت کی یادگار پر بھی پھولوں کی چادر چڑھائی اور وہاں مدفون شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
چنگیز ایتماتوف کرغزستان کے معروف ادیب تھے جنہوں نے کرغز اور سوویت ادب میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی قبر بھی آتا بیئت میموریل کمپلیکس میں موجود ہے۔
آتا بیئت میموریل کمپلیکس کرغزستان کا ایک اہم قومی اور تاریخی یادگاری مقام اور قبرستان ہے۔ ’’آتا بیئت‘‘ کے معنی ’’ہمارے آباؤ اجداد کی قبر‘‘ ہیں۔ اس مقام پر کرغزستان کی متعدد معروف شخصیات مدفون ہیں اور اسے ملک کی تاریخ اور قومی یادداشت میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
