واشنگٹن: امریکی ریاست واشنگٹن میں 13 سالہ لڑکے کے ساتھ بار بار جنسی زیادتی کرنے اور ان واقعات کی ویڈیوز بنانے والی ٹیچر کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
امریکی وفاقی پراسیکیوٹرز کے مطابق 26 سالہ اینڈریا لی کیمپوس ہرنانڈیز، جو واشنگٹن کے شہر وارڈن سے تعلق رکھتی ہے، نے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق خاتون نے ایک سال سے زائد عرصے تک کم عمر لڑکے کے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا، ان واقعات کو ریکارڈ کیا اور اپنی نامناسب تصاویر بھی اسے بھیجتی رہی۔عدالت میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق یہ سلسلہ فروری 2021 میں اس وقت شروع ہوا جب متاثرہ بچہ 13 سال کا تھا اور جولائی 2022 تک جاری رہا، اس وقت اس کی عمر 15 سال ہو چکی تھی۔متاثرہ بچے کے اہل خانہ کو خاتون کے ساتھ اس کے تعلق پر تشویش ہوئی تو انہوں نے اسے لڑکے سے دور رہنے کو کہا۔ بعد ازاں اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی اور تفتیش کاروں کو بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ خاتون بچے کو مختلف اشیا خرید کر متاثر کر رہی تھی۔
عدالت میں متاثرہ لڑکے کی والدہ نے جذباتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کی تکلیف دہ یادوں میں سے ایک اپنے بیٹے کو رات کے وقت اکیلے روتے ہوئے سننا ہے۔ لڑکے نے بھی عدالت میں ملزمہ سے مخاطب ہوکر کہا کہ اس نے اس کے بچپن کا وہ حصہ چھین لیا جسے وہ کبھی واپس حاصل نہیں کر سکتا۔متاثرہ لڑکے نے مزید کہا کہ اب ملزمہ اس کی آواز پر قابو نہیں رکھ سکتی۔
دفاعی وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تقریباً 2,500 آبادی والے چھوٹے شہر وارڈن میں نوجوان اور کم عمر افراد ایک دوسرے کے ساتھ سماجی طور پر میل جول رکھتے ہیں اور ٹیچر نے اپنے اور لڑکے کے تعلق کو غلط سمجھا۔ایک ماہر نفسیات نے عدالت میں گواہی دیتے ہوئے کہا کہ کیمپوس ہرنانڈز جنسی منحرف یا بچوں کو نشانہ بنانے والی شکاری شخصیت نہیں تھی، تاہم وہ سماجی طور پر ناپختہ تھی اور اس میں خود اعتمادی کی کمی تھی۔تاہم پراسیکیوٹرز نے دفاع کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ تربیت یافتہ ٹیچر تھی اور اسے بخوبی معلوم ہونا چاہیے تھا کہ اس کا عمل غیر قانونی اور غلط ہے۔استغاثہ کے مطابق واقعے کے بارے میں متاثرہ لڑکے کے ہم جماعتوں اور ساتھی کھلاڑیوں کو بھی علم ہوگیا، جس کے بعد وہ افواہوں اور نامناسب مذاق کا نشانہ بنا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق اس صورتحال کے باعث لڑکے نے سماجی سرگرمیوں سے بھی خود کو دور کرلیا۔
متاثرہ لڑکے کی بہن نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ ایسی سزا دی جائے جو واضح پیغام دے کہ ہر بچے کو تحفظ، ہمدردی اور انصاف حاصل ہونا چاہیے، خواہ متاثرہ فرد یا جرم کا مرتکب شخص کسی بھی جنس سے تعلق رکھتا ہو۔عدالت نے تمام شواہد اور فریقین کے مؤقف سننے کے بعد اینڈریا لی کیمپوس ہرنانڈز کو 15 سال قید کی سزا سنا دی۔
