Baaghi TV

کراچی بار کا جماعت اسلامی اور تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

کراچی بار ایسوسی ایشن نے مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور دیگر معاشی مسائل کے خلاف جماعت اسلامی اور تاجروں کی جانب سے آج کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وکلا مہنگائی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے کراچی پریس کلب تک پرامن ریلی نکالیں گے، ہڑتال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے نتیجے میں وکلا اور سائلین کو عدالتوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے،کراچی بار نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ہڑتال کے باعث وکلا یا سائلین کی عدم حاضری پر کوئی سخت حکم جاری نہ کیا جائے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے لاہور میں دھر نے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا،کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک طرف مذاکرات کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب مبینہ طور پر طاقت کا استعمال کیا جاتا ہے، آج کی ہڑتال کے بعد احتجاج کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

More posts