کراچی: شہر کے علاقے ملیر کھوکھرا پار میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گھر سے ماں اور اس کی 8 سالہ بیٹی کی پھندا لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ صبا زوجہ حنیف اور ان کی 8 سالہ بیٹی نبیہ دختر حنیف کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور دونوں کی لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جا سکا، تاہم شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے ہر ممکن پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اہل خانہ اور قریبی افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔ پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے اور فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی واقعے کی حقیقت اور موت کی وجوہات کے بارے میں حتمی مؤقف اختیار کیا جائے گا۔
