Baaghi TV

کراچی میں سکول کی دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سکول کی دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور متعدر افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 ایل بلاک کے قریب بلدیہ سکول کی دیوار اچانک گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مبینہ طور پر جاں بحق ہونے والے افراد منشیات کے عادی تھے۔

واقعے کے بعد زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

اورنگی ٹاؤن کے واقعے کے پیش نظر عباسی شہید ہسپتال کی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا۔ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل صمدانی نے بتایا کہ تمام متعلقہ عملے کو ایمرجنسی میں پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو تمام ضروری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ڈاکٹر فیصل صمدانی کے مطابق شعبہ ریڈیالوجی اور بلڈ بینک مکمل طور پر فعال ہیں، جبکہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں 5 لاشیں اور 2 زخمی لائے گئے ہیں۔

دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق منشیات کے عادی افراد سکول کی دیوار سے سریا نکالنے کی کوشش کر رہے تھے، اسی دوران دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا۔

More posts