Baaghi TV

کیرولین لیویٹ رواں ماہ پریس سیکریٹری کا عہدہ چھوڑ دیں گی،ٹرمپ نے بھی تصدیق کردی

white-house

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ انکی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ رواں ماہ کے اختتام پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گی۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ لیویٹ اپنے کم عمر بچوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے عہدہ چھوڑ رہی ہیں،انہوں نے لیویٹ کو اپنے ”انتہائی قابل اعتماد معاونین“ میں شامل قرار دیا اور کہا کہ وہ ان کے فیصلے کو سمجھتے اور اس کا احترام کرتے ہیں، لیویٹ آئندہ بھی ان کی اعلیٰ سطح کی بیرونی مشیر کے طور پر کام کریں گی اور ریپبلکن پارٹی میں ایک بااثر آواز رہیں گی۔ کیرولین لیویٹ نے 2018 سے لے کر 2024 کی صدارتی انتخابی مہم سمیت مختلف مراحل میں انصاف، آزادی اور انتظامیہ کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے شاندار کام کیا-

28 سالہ لیویٹ نے گزشتہ سال وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ اس منصب پر فائز ہونے والی اب تک کی کم عمر ترین شخصیت ہیں ان کی جگہ کون لے گا، اس بارے میں فوری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

لیویٹ نے صدر کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر کہا کہ وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کی حیثیت سے کام کرنا ان کی زندگی کا ”سب سے بڑا اعزاز اور مہم جوئی“ رہا ہے،ماں بننے اور دنیا کی مشکل ترین ملازمتوں میں سے ایک کے دوران اپنے دوسرے بچے کی پیدائش ان کی زندگی کا سب سے خوشگوار لیکن مشکل دور رہا۔

لیویٹ نے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد گزشتہ ماہ وائٹ ہاؤس واپس آنے پر انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنے دو کم عمر بچوں کے لیے بہترین ماں کا کردار ادا نہیں کر سکتیں اور ساتھ ہی پریس سیکریٹری کے منصب کے لیے درکار مسلسل وقت، توانائی اور توجہ بھی نہیں دے سکتیں، اسی احساس کے تحت انہوں نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے اور زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لیویٹ نے اور ان کے شوہر نکولس ریکیو کے ہاں رواں سال مئی میں دوسری بیٹی کا جنم ہوا تھا ان کا ایک دو سالہ بیٹا بھی ہے، وہ زچگی کی چھٹی کے بعد گزشتہ ماہ ہی دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے وائٹ ہاؤس پہنچی تھیں،ٹرمپ کے ساتھ لیویٹ کا تعلق ان کے موجودہ عہدے سے کہیں پہلے کا ہے وہ ٹرمپ کی پہلی حکومت کے دوران اسسٹنٹ پریس سیکریٹری اور تقریر نویس کے طور پر کام کر چکی ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں اپنے دور کے دوران لیویٹ کا میڈیا کے ساتھ تعلق اکثر کشیدہ رہا۔ وہ متعدد مواقع پر بعض صحافیوں پر جانبداری اور بائیں بازو کی حمایت کا الزام عائد کرتی رہی ہیں،لیویٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کا بھرپور دفاع کیا، جس کے باعث صدر کے حامی حلقوں میں انہیں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی،وہ ٹرمپ کی دونوں حکومتوں کے دوران دوسری سب سے زیادہ عرصہ خدمات انجام دینے والی پریس سیکریٹری ہیں ان سے زیادہ عرصہ اس عہدے پر صرف سارہ ہکابی سینڈرز رہی ہیں-

More posts