Baaghi TV

کوئی بھی لڑکی اتنی بے وقوف نہیں ہوتی،کیس کو نہیں چھوڑوں گی،مومنہ اقبال

لاہور: اداکارہ مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ سے متعلق مبینہ ہراسانی اور دھمکیوں کے کیس میں دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو کسی صورت ایسے نہیں چھوڑیں گی۔

لاہور کی سیشن عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اقبال نے کہا کہ وہ پہلے دن سے مؤقف اختیار کرتی آرہی ہیں کہ کیس کو جانبداری کے بجائے حقائق کی بنیاد پر دیکھا جائے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی لڑکی اتنی بے وقوف نہیں ہوتی کہ شادی سے صرف 10 روز قبل اس نوعیت کی باتیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان لوگوں پر اعتماد کیا جنہوں نے کرسی پر بیٹھ کر کہا تھا کہ انہیں معاملے کی دونوں جانب کی کہانی معلوم ہے۔مومنہ اقبال نے واضح الفاظ میں کہا، ’’میں اس کیس کو ایسے نہیں چھوڑوں گی، چاہے جس کو مرضی اپروچ کروا لیں۔‘‘

یاد رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں شکایت درج کرائی تھی۔ معاملہ مبینہ ہراسانی اور دھمکیوں سے متعلق ہے، جس پر قانونی کارروائی جاری ہے۔

More posts