ممبئی: بالی وڈ کی معروف اور سپر ہٹ اداکارہ کرینہ کپور نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اپنی تعلیم مکمل نہ کرنے کا آج بھی افسوس رہتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی کے ایک ایسے فیصلے کے بارے میں بات کی جس پر وہ اب بھی سوچتی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی تعلیم مکمل نہیں کی اور یہ بات کسی نہ کسی طرح ہمیشہ ان کے ساتھ رہی۔کرینہ کپور نے بتایا کہ ان کے پاس تعلیم جاری رکھنے کا موقع موجود تھا، تاہم وہ فلمی دنیا میں داخل ہوگئیں اور گیارہویں جماعت کے بعد مزید تعلیم حاصل نہیں کی۔
اداکارہ کے مطابق وہ جانتی ہیں کہ بعض لوگ ان کے تعلیمی سفر کو نامکمل چھوڑنے پر مذاق بھی اڑا سکتے ہیں یا مختلف باتیں کرسکتے ہیں، لیکن اس وقت ان کی ترجیح اداکاری تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بطور اداکارہ خود کو ثابت کرنا چاہتی تھیں کیونکہ اداکاری ہی وہ کام تھا جسے وہ دل سے کرنا چاہتی تھیں۔کرینہ کپور نے واضح طور پر اعتراف کیا کہ تعلیم مکمل نہ کر پانے کا افسوس انہیں آج بھی رہتا ہے۔اپنے دونوں بیٹوں تیمور اور جہانگیر کے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بچے اپنی دلچسپی اور شوق کے مطابق مستقبل میں کیریئر کا انتخاب کریں، تاہم اس سے پہلے وہ اپنی تعلیم مکمل کریں۔کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ بچوں کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے دل کی آواز سننی چاہیے اور وہ جس شعبے میں حقیقی دلچسپی رکھتے ہوں، اسی میں آگے بڑھنا چاہیے۔
