Baaghi TV


خیبرپختونخوا اسمبلی نے ارکان کی مراعات میں بڑا اضافہ، ترمیمی بل منظور

pak

‎خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین اسمبلی کی مراعات، اختیارات اور استحقاق میں نمایاں اضافے سے متعلق ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی اختیارات، استثنیٰ اور استحقاق ایکٹ 2026 کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نئے قانون کے تحت اراکین اسمبلی کو عدالتی، سفری اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں نئی سہولیات اور اختیارات حاصل ہوں گے۔
‎قانون کے مطابق اگر کسی رکن اسمبلی کے خلاف کوئی عدالتی مقدمہ زیر سماعت ہو اور اسمبلی کا اجلاس جاری ہو تو عدالت، اسمبلی کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کر سکتی ہے۔ ایسے حالات میں متعلقہ رکن اسمبلی کو عدالت میں حاضری سے استثنا حاصل ہوگا، تاہم اگر وہ چاہے تو رضاکارانہ طور پر عدالتی کارروائی میں شریک ہو سکتا ہے۔
‎ترمیمی قانون کے تحت اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو بھی مزید اختیارات دے دیے گئے ہیں۔ نئے ضوابط کے مطابق اگر کسی رکن اسمبلی کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہو اور عدالت میں چالان پیش ہونے سے قبل معاملہ سامنے آئے تو اسپیکر کو ابتدائی انکوائری کرانے کا اختیار حاصل ہوگا۔
‎بل کے تحت تمام اراکین اسمبلی اور ان کے شریک حیات کو سرکاری بلیو پاسپورٹ حاصل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں تمام قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس کی مکمل چھوٹ بھی دی گئی ہے، جس سے ارکان کو سفری سہولیات میں نمایاں ریلیف ملے گا۔
‎نئے قانون میں سیکیورٹی سے متعلق بھی خصوصی شق شامل کی گئی ہے۔ اگر کسی رکن اسمبلی کو جان کا خطرہ لاحق ہو تو حکومت اس کو فوری طور پر اے کیٹیگری سیکیورٹی فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔ یہ سیکیورٹی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں بھی مؤثر ہوگی۔
‎مزید برآں، اراکین اسمبلی کو اپنے حلقے یا متعلقہ ضلع میں کسی بھی عوامی مقام پر اجلاس طلب کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ ایسے اجلاس کی اطلاع ملنے پر متعلقہ ضلع کے تمام سرکاری افسران کی شرکت لازمی ہوگی، جبکہ بلاجواز غیر حاضری کو استحقاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، جس پر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
‎ذرائع کے مطابق یہ ترمیمی بل مارچ میں اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا، اسی اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی مراعات سے متعلق ایک اور بل بھی زیر غور آیا تھا۔ تاہم عام اراکین اسمبلی کو دی جانے والی نئی مراعات اور عدالتی استثنا سے متعلق قانون کو اس وقت زیادہ عوامی توجہ حاصل نہیں ہو سکی، جبکہ اب گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اس کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ اس قانون پر مختلف سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے مختلف آراء سامنے آنے کا امکان ہے۔

More posts