Baaghi TV


کراچی میں اے لیول کا پرچہ بھی لیک، امتحانی نظام پر سوالات

student mdcat

‎کراچی میں تعلیمی نظام ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گیا ہے جہاں میٹرک اور انٹر کے بعد اب اے لیول کا پرچہ بھی امتحان سے قبل لیک ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیمبرج سسٹم کے تحت ہونے والے اے ایس ریاضی کے امتحان کا پرچہ رات گئے مبینہ طور پر مارکیٹ میں دستیاب ہو گیا، جس نے طلبہ اور والدین میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
‎ذرائع کے مطابق یہ پرچہ رات تین سے چار بجے کے درمیان لیک ہوا اور بعد ازاں مختلف آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے فروخت کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ریڈٹ ایپ کے ذریعے اس پرچے کو فروخت کیا گیا اور پھر واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا ذرائع کے ذریعے اسے وسیع پیمانے پر پھیلایا گیا۔
‎لیک ہونے والا پرچہ "Pure Mathematics 1” سے متعلق بتایا جا رہا ہے، جس کا کوڈ 9707 تھا۔ اس واقعے نے امتحانی شفافیت اور نظام کی سیکیورٹی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مئی جون سیشن کے امتحانات جاری ہیں۔
‎طلبہ اور والدین نے اس صورتحال پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات محنتی طلبہ کے ساتھ ناانصافی ہیں اور تعلیمی نظام پر اعتماد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

More posts